ایک تصویر ، دو کہانیاں
زیرِ نظر تصویر کوریا میں پاکستان کلچرل فیسٹیول کے دوران ایک کوریائی فوٹوگرافر کی پیشکش کے طور پر رکھی گئی تھی۔۔۔میں جب فیسٹیول کو اپنے موبائل کیمرے کے ذریعے محفوظ کر رہا تھا ، میری نظر سے یہ تصویر گزری تو ایک لمحے کو میں خود تصویر ہو گیا۔۔۔ تھوڑی دیر تک جو ایک اطمینان تھا، کہ چلو، پاک دھرتی کے لئے کچھ نہ کچھ ، ذیادہ نہیں بہت تھوڑا ہی سہی، اچھا نہ سہی ، ٹوٹا پھوٹا ہی سہی ، ہم کر رہے ہیں، یا کم سے کم کرنا چاہتے ہیں، تصویر کی منجمند کہانی میں جم کر رہ گیا اور میں بھی شاید کچھ لمحے کے لئے منجمد ہو گیا۔۔ اس میں میرا کوئی قصور نہیں، شاید شعریت کی فطرت انسان کو جذبات کی لہروں میں غرقاب کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔۔۔۔اور میں بھی کہانی دیکھ رہا تھا، ایک جو صرف کورین کی آنکھ نے دیکھی تھی اور ایک جو اس وقت میری آنکھ میں پانی کی طرح بہہ رہی تھی۔۔
گینگ نیونگ کا سبزیلا ساحلی علاقہ۔۔۔۔ اس کے بیچوں بیچ کلچرل فیسٹیول کا خوبصورت میدان ، اس میں پاکستانی کھانوں ، کپڑوں اور خوبصورت چہروں کی بہار ، پسِ منظر میں قومی ترانوں کی دھنیں اور لہراتا ہوا سبز ہلالی پرچم۔۔۔۔ سبزیلا میدان اور اس میدان کے عین درمیان میں یہ تصویری نمائش جو ایک کورین فوٹو گرافر اور اس کے کیمرے نے پاکستان سے محبت میں چوری
کی تھی۔۔۔اور ان تمام تصویروں میں یہ ایک تصویر ، جس کی ایک کہانی تو ختم ہونے والی ہے۔۔۔۔ جو میں لکھ کر سنا رہا ہوں۔۔۔ یا شاید وقت کے ہاتھوں سے پڑھ کر لکھ رہا ہوں۔۔۔۔۔میں نہیں جانتا، کتنے کورینز نے یہ تصویر دیکھی، کتنے پاکستانیوں کی نظریں یہاں ٹکرائیں، کتنی آنکھوں نے اداسی کی سانس بھری ۔۔۔۔
مگر میں کہ ، ۔۔۔۔ دنیا ترے مزاج کا بندہ نہیں ہوں میں
شاعری کا بوجھ اٹھائے کھڑا تھا ۔۔ مرا کام مجھے آوازیں دے رہا تھا، مگر لمحے مری دسترس سے نکل چکے تھے۔۔۔مجھے دوسری کہانی کی ساری سطریں پڑھنی تھیں۔۔۔۔
دوسری کہانی دوسری تصویر ہے۔۔۔۔۔ جو میں نے بنائی ۔۔۔جو آپ کے سامنے ہے ۔۔۔۔اس تصویر کی تصویر۔۔ جس کے پس منظر میں کوریا کی بلند شگاف عمارتیں واضح ہیں۔۔۔۔ پہلی تصویر جو کورین نے بنائی اسے صرف پاکستان کا ایک سپاہی دکھائی دیا ، جس کے پیچھے تباہ شدہ گاڑیاں۔۔۔ دھماکوں کی زد میں آنے والے افراد اور ان کے خون سے رنگی ہوئی سڑکیں۔۔۔اور ہوا میں دھویں کے کچھ زرات جو شاید ذیادہ واضح نہ ہو سکے ہوں۔۔۔۔ اس کورین نے جانے کیا کچھ سوچا ہوگا جب یہ تصویر بنائی ہو گی۔۔۔ ہم پر ترس بھی کھایا ہو گا ، کہ اتنے خوبصورت ملک کا نصیب کتنا برا ہے۔۔۔۔جیسے کسی غریب گھر میں پیدا ہونے والی کسی خوبصورت دوشیزہ کا مقدر ہوتا ہے۔۔۔۔ شاید اس نے گالی دی ہو، ان لوگوں کو جنہوں نے یہ عفریت کا سامان پیدا کیا ہو ، شاید اس نے حکمرانوں کو برا بھلا کہا ہو، شاید اس نے بین الاقوامی جنگ کا شاخسانہ سوچ کر یہ منظر عکس بند کئے ہوں۔۔۔۔۔ شاید مذہبی عدم برداشت دکھانا چاہتا ہو۔۔۔ شاید ہماری آرمی اور پولیس کی نا اہلی کا خیال اس کے دل میں جنم لے کر کیمرے تک آ گیا ہو۔۔۔۔شاید وہ خوف اور بے چارگی کو تصویر کرنا چاہتا ہو ، جس اس پولیس والے کے چہرے پر واضح نظر آرہا ہے۔۔۔۔ شاید ان لوگوں کا دل دکھانا چاہ رہا ہو، جن کی گاڑیان جل گئیں اور رشتہ دار دھواں ہو گئے۔۔۔ میں نے اس کو تلاش کیا، کہ اس سے پوچھوں اس نے کیا سوچ کر یہ تصویر بنائی،۔،،،،یا یہ تصویر بنا کر کیا سوچا۔۔۔۔مگر وہ مجھے نہیں ملا، کہ وقت کی کمی تھی اور فیسٹیول کی ذمہ داری بھی کچھ سر پر تھی ۔۔اس لئے اس خیال کے پیچھے زیادہ نہ دوڑ سکا۔۔۔۔
مگر جو تصویر مجھے نظر آئی ، مجھے اس کی کہانی روکے ہوئی تھی۔۔۔۔ اور آج لکھے بنا نہ رہ سکا۔۔۔۔ مری تصویر میں ایک نہیں ، دو پس منظر ہیں۔۔۔ ایک وہ جو کورین نے بھی دیکھا اور میں نے بھی دیکھا۔۔۔۔ اور دوسرا وہ جو شاید اس فوٹو گرافر نے نہ دیکھا ہو، اور مجھے ملا تو میں اس دکھاوں گا بھی۔۔۔۔۔ وہ میں آپ کو دکھانے جا رہا ہوں۔۔۔۔
میری تصویر میں ایک نہیں دو پسِ منظر ہیں۔۔دوسرے پس منظر میں وہ بلند شگاف عمارتیں ہیں ، جو مرے تباہ حال سپاہی اور مفلوک الحال زمیں کی کی گود میں پڑی ہوئی تباہ شدہ گاڑیوں کی کہانی کو کچھ اور الجھا رہی ہیں۔۔۔ کچھ اور استہزاء کر رہی ہیں۔۔۔ کچھ اور دل جلا رہی ہیں۔۔۔۔ تصویری مفہوم تو یہی ہے ، کہ ترقی اور تہذیب کے درمیان ان دھماکہ زدہ لمحوں اور تباہی و بربادی کا ایک طویل عمیق سمندر ہے ، جس نے ہماری قوم اور اس کے محا فظوں کو امن و سلامتی سے دور دھکیل دیا ہے۔۔۔اور یہ فاصلہ طے کئے بنا شاید کبھی منزلیں اب نہ مٹ سکیں۔۔۔ لیکن بات کچھ اور بھی تھی جس نے مرے قدم روکے رکھے۔۔۔ وہ یہی کہ اس وسیع و عریض میدان میں بھی ایک آئینہ موجود تھا،، جو مجھے میری تصویر دکھا رہا تھا، جس کی کہانی مجھے مرے قلم سے مجبور ہو کر لکھںا پڑی اور وہ یہ کہ ابھی بہت راستہ ہے طے کرنے کو۔۔۔ابھی بہت دور ہے منزل اور سویرا۔۔۔۔ یہ نہیں کہ امن و امان، یہ نہیں کہ تہذیب و تمدن، ٹیکنالوجی صرف ، بلکہ کورین تصویر سء میری تصویر کا تمام فاصلہ ۔۔۔اس کی آنکھ سے میری آنکھ کے درمیان میں تمام مدو جزر۔۔۔۔۔
مجھے یاد آرہا تھا،
اپنی مٹی ہی پہ چلنے کا سلیقہ سیکھو،
سفالِ ہند سے مینا و جام پیدا کر۔۔۔۔
کرگس کا جہاں اور ہے شاہیں کا جہاں اور
اے طائرِ لاہوتی اس رزق سے موت اچھی۔۔۔۔
مجھے وہ تمام اجزائے ہستی بکھرے بکھرے نظر آئے ، جن پر معاشرت کشیدکر جاپان کے تلوے چاٹ کر زندہ رہنے والی قوم ، ہماری بے بسی پر شاید ہنس رہی تھی۔۔ مجھے کوریائی تہذیب اپنے پاوں پر کھڑِی نظر آئی اور اپنے لوگ اپنی ہی نظروں میں گرے نظر آئے۔۔۔ مجھے ترقی کا سفر کبھی بھی مطمعِ نظر نہیں رہا ، مگر میں تہذیب ، محبت اور امن کو معاشروں کی زندگی اور برتری کا معیار سمجھتا ہوں۔ اور اس معیار پر تنزلی کی ساری گالیاں مجھے اس تصویر میں نظر آ رہی تھیں۔۔ میں اپنے لوگوں اپنی قوم کی غیر سنجیدگی، بے اخوتی ، عدم برداشت ، خود پرستی، لمحاتی جذباتیت ، خود وابستہ بے خودی اور مفاد پرستی سے بہت حد تک واقف ہو چکا ہوں۔۔۔۔ میں جانتا ہوں کہ غریب ایک روٹی پر ووٹ بیچ دیتا ہے۔،۔ امیر ہر سال کپروں کی طرح عیاشی کا سامان بدلتا ہے۔۔۔۔ فقیر حرام کو حلال کر لیتا ہے۔۔۔ درویش زہد کو گالی دینا فخر سمجھتا ہے ، عاقل تھوک کو بحث اور بحث کو دلیل گردانتا ہے۔ جاہل کو علم طوائف لگتا ہے۔ ملا کو عوام سے نفرت ہے، عوام کو سیاست سے، سیاست کو فوج سے۔۔ فوج کو عدلیہ سے اور عدلیہ کو جانے کس کس سے۔۔۔
بہت فاصلہ ہے ابھی جو اس قوم کو طے کرنا ہے ، نہت سی منزلیں ہیں جو ایک منزل کی تلاش میں پیدا کرنی ہیں۔بہت سی قربانیاں ہیں جو اس قوم کو دینا ہیں، مگر بہت سےے خدشے ہیں جو میرے ذہن میں اس تصویر کو دیکھنے کے بعد در آئے۔۔۔ کہ کیا ہم واقعی آگے جانا چاہتے ہیں۔۔ شاید ابھی تک ، نہیں۔۔۔۔۔ یا اگر جانا بھی چاہتے ہیں تو انفرادی سطح تک بحیثیتِ قوم نہیں۔ اور یا پھر ابھی تک ہم عملی طور پر اس کے لئے تیار نہیں۔۔ کیونکہ میں جانتا ہوں، کہ جاپان کا جھوٹا کھانے ، اور غربت کی ننگی گلیوں سے ترقی اور امن کی اعلیٰ منزل تک پہنچنے کے لئے کوریا کے افراد نے جن خواص کو سہارا لیا ، وہ ہمارے عوام میں تو کیا ، ان خواص میں بھی نہیں ہے ، جو ملک اور ملک کی تقدیر بدلنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔۔۔۔
میں اپنی تصویر کی کہانی میں یہ بھی بتانا چاہتا ہوں ، کہ کوریا کی اس بلند عمارت کی بنیادوں میں محنت اور مقصد کے تیس سال دفن ہیں ، لاکھوں قربانیوں کی تصویریں موجود ہیں، جو میری کہانی سے ذیادہ دردناک رہی ہوں گی۔۔۔۔ملک کے لئے مر متنے کا جذبہ، قوم کے لئے ہر تکلیف اٹھا لینے کی ارادت، مستقبل سنوارنے کے لئے آج کی قربانی، آنے والی نسل کی خاطر اپنا سب کچھ وار دینے کا تہییہ۔۔ مجھے تو یہ سب نظر آرہا تھا اس گراونڈ میں جہاں، ایک طویل مدت بعد پاکستان کے نام پر لوگ جمع تھے۔۔۔
اور میں کہانی کی آخری سطروں میں سوچ رہا تھا۔کہ کیا کبھی مرے پاکستان کی وہ تصویر مکمل ہو گی، جو قائد ، اقبال نے دیکھی تھی۔۔۔ جو ہر محبِ وطن پاکستانی آج سو بار دیکھتا ہے، مگر اس کے لئے کرتا کچھ بھی نہیں۔۔۔ جو کچھ کر سکتے ہیں وہ دامن بچا کر پردیس میں آبیٹھتے ہیں۔۔۔ نوکریاں ڈھونڈتے ہیں۔ چھوکریاں ڈھونڈتے ہیں ، اور پردیس کے ہو کر رہ جاتے ہیں۔۔۔ جو بچ جاتے ہیں، وہ ذات، مفاد، عدم برداشت ، صوبائیت، فرقہ واریت اور لسانی تعصب کے گھن چکروں کے ہو کر رہ جاتے ہیں۔۔۔ نجانے وہ لوگ کب پیدا ہوں گے جو قوم اور وطن کی خاطر ، فکرِ فردا لئے اپنا آپ قربان کرنے ، دکھ مصائب تکالیف برداشت کرنے، بلند حوصلگی کا مظاہرہ کرنے ، ایثار احسان اور تعان کی زبان بولنے ، خودی کی اطراف ڈھونڈ لانے، اپنا جہان آپ پیدا کرنے اور ملک و ملت کا سہارا بننے کا عہد بھی کریں گے اور عمل بھی۔۔۔۔جو اپنی ذات، اغراض اور سوچ کی زمینوں سے بلند تر ہو کر ہر وقت۔ ہمیشہ اور ہر حد تک مقصد و مطلب سے متعلق ہوں گے۔۔۔جن کی زبانوں پر مسائل نہیں ، ان کے حل ی گردان ہو گی۔۔ جن کے ہاتھوں میں وسائل نہیں، خدمت کی تسبیح ہو گی۔۔۔اور جن کے ماتھے پر پیٹ سے زیادہ بل بڑے ہوں گے۔۔۔۔ جن کو اپنے لئے روٹی کپڑا مکان نہیں اپنے ملک کے لئے مستقبل عزیز ہوگا۔۔ اور جو تنکا تنکا ، قطرہ قطرہ زرہ زرہ امیدیں اکٹھی کر کے آج کے بدلے کل خرید لائیں گے۔۔۔۔۔ ایسے لوگوں کو پیدا کرنا ہی میری تصویر کی کہانی ہے۔۔ کم سے کم ایک آدمی کو پیدا کرنا۔۔۔۔۔خود کو۔۔۔
جو گھر کی خاطر بھوکا بھی رہ سکتا ہو، رات جاگ کر گزار بھی سکتا ہو،/۔۔ پیدل چل کر جھنڈا بھی لہرا سکتا ہو۔۔۔ اور پردیس میں بیٹھ کر دیس کی تصویروں کے آنسو بھی پوچھ سکتا ہو۔۔۔ دل میں اڑنے کا جذبہ بھی رکھتا ہو،۔ مگر شام سے پہلے گھر لوٹ جانے کا عہد نامہ بھی ساتھ لئے پھرتا ہو۔۔۔۔۔۔
خدا نے آج تک اس قوم کی حالت نہیں بدلی
نہ ہو جس کو خیال آپ اپنی حالت کے بدلنے کا
بس تب ہی یہ ممکن ہو گا ، کہ کبھی کوریا میں کوئی فوٹو گرافر پاکستان کی تصویر لگائے ، تو میرے یا آپ جیسے کسی پاکستانی کے قدموں کی رفتار دھیمی نہ ہو،۔ اور اسے ایک ہی تصویر کی دو کہانیاں نہ لکھنی پڑیں۔۔۔۔
موج بڑھے یا آندھی آئے ، دیا جلائے رکھنا ہے
گھر کی خاطر ، سو دکھ جھیلیں ، گھر تو آخر اپنا ہے
انشاء اللہ
پاکستان زندہ باد
No comments:
Post a Comment