جائز ، پھر بھی حرام
انسان جو اپنی طبعی حیات کے لئے دانہ پانی اکٹھا کرتا ہے ، دو طرح کا ہوتا ہے۔ جائز یا نا جائز۔ زمین کے محیط پر سفر کر لیجئے، بنیادی طور پر جائز یا ناجائز آمدن کا فلسفہ ہر جگہ موجود نظر آئے گا۔ قانون کا المیہ یہ ہے، کہ یہ زمین کے چہرے پر کھدی ہوئی ہر سطر سے باہر تبدیل ہو جاتا ہے۔ چند زیر و زبر کی تبدیلیوں کے ساتھ جائز ناجائز کی تشریح ہر معاشرت میں مل جائے گی۔ مگر معاملہ کچھ اور توجہ طلب ہے
"Homelessness is not from from life but society's attitude to honor life." A.B. Saim
کمائی اہم ہے ، مگر ایک چھپی ہوئی حقیقت یہ ہے کہ اس کا خرچ بھی یکساں اہم ہے، جائز وسیلوں سے کما کر ناجائز مصارف پر خرچ کرنا، اتنا ہی حرام ہے، جتنا حرام ذرائع سے کما کر جائز کاموں کے لئے خرچ کرنا۔ ناجائز کاموں کی کمائی حرام کاموں پر خرچ ہو تو پیچھے رہ ہی کیا جاتا ہے۔ میں فی الحال یہاں صرف اسی بنیادی نکتے کی بات کرنا چاہتا ہوں، کیونکہ میرے نزدیک جائز آمدن کو جائز مصارف پر خرچ کرنے والے اور ناجائز آمدن کو حرام کرنے والے افراد رنگ کے پکے ہوتے ہیں ، اور ان دل یا سفید یا کالا ہو چکا ہوتا ہے۔ مسئلہ ان لوگوں کا ذیادہ ہے ، جو جائز کما کر بھی سمجھ سے عاری رہتے ہیں، شیطان ورغلاتا ہے، " بھائی اپنی کمائی ہے، باپ کا کیا حق،۔۔غریبوں میں بانٹ دو گے، ان کے باپ کی کمائی ہے کیا" ۔۔اچھا اپنے پیسوں سے جوا کھیلتا ہوں، کسی کی چوری تو نہیں کی۔ بلکہ شیطان ذیادہ پاس بیٹھا ہو ، تو آپ کو گانا گانا بھی آ جاتا ہے۔۔
"ہنگامہ ہے کیوں برپا، تھوڑی سی جو پی لی ہے
ڈاکہ تو نہیں ڈالا، چوری تو نہیں کی ہے ۔۔۔۔۔۔۔-۔۔۔"
"We should appreciate cost of time rather than watches." A.B. Saim
حقیقی معانی کی بات کسی حقیقی دنیا میں کریں گے ، ابھی تو قصہ سڑک پر چلتے ان انسانوں کا ہے، جو اپنی خون پسینے کی کمائی کو اس لئے اڑا دیتے ہیں، کیونکہ وہ ان کی اپنی کمائی ہوتی ہے۔ سمجھنے کے لئے ایک مثال اور عرض کر دیتا ہوں ۔ نئے سال کی آمد پر ہوا میں پیسے یوں اڑائے جارہے ہوتے ہیں جیسے ان سے کسی غریب کی دوائی نہیں خریدی جا سکتی، جیسے ہمسائے کے سات گھروں میں کوئی بھی بھوکا نہیں سویا، جیسے تام مریض کھانسی کا شربت پی کر سوئے ہیں، جیسے گلی کے نکڑ پر سوئے ملنگ نے نیا کمبل پہنا ہوا ہو، جیسے محلے کے سارے بچے اسکول جانے لگ گئے ہوں۔۔ حرام کی کمائی کی تو میں بات ہی نہیں کرتا، میں تو ان سے مخاطب ہوں ، جو رزقِ حلال عین عبادت سمجھ کر کماتے ہیں، خون پسینے سے آمدن اکٹھی کرتے ہیں۔ کس نا سمجھی سے اپنے جائز مال کو برباد کر آتے ہیں، اور ساتھ فرناتے بھی ہیں ، بھائی اپنا روپیہ لگایا ہے ، حق حلال کی کمائی سے۔۔۔جسے خود اپنی کمائی کا احساس نہیں ہے، اس کی آمدن کا احساس خدا کو کیا ہو گا۔۔
"Its far better to spend money for eliminating others woes rather than over-celebrating your own joys." A.B. Saim
دوسری طرف ایک اور خود فریبی میں مست طبقہ ہے ، جو ناجائز ذرائع سے آمدن کما کما کر جائز مصارف پر جزوی یا مکمل طور پر خرچ کرتا ہے، اور سمجھتا ہے، کہ خدا کوئی رشوت خور پٹواری ہے، یا راشی تھانیدار جو اپنا حصہ وصولنے کے بعد چپ چاپ بیٹھ جائیگا۔ سود، ناجائز منافع خوریوں، ذخیرہ اندوزی اور جعلی سامان کی خرید و فروخت سے بنایا ہوا کالا دھن جب دل کی مٹی سیاہ کرنے لگتا ہے، تو شیطان یہاں پھر اپنا جال پھینکتا ہے، آدمی چار ٹکے کسی خیراتِ ادارے کو دے کر ، کسی مدرسے میں کوئی مذہبی محفل منعقد کروا کر یا کسی مسجد کی صفیں ڈلوا کر سمجھتا ہے، کہ لو میں نے تو خدا کو راضی کر لیا۔ اور یوں اس حرام آمدن سے جان چھڑانے کا آخری خیال بھی کسک پیدا کرنا چھوڑ جاتا ہے۔ گناہ گناہ رہتا ہی نہیں۔ مذہب اور نیکی کے نام پر اس کی تاویلیں بن جاتی ہیں۔ ایمان فروشوں کو بکتا دیکھ کر مذہبی ٹھیکے داروں کی زبانیں نکل آتی ہیں ، وہ بھی مسجد کی پچھواڑے میں مسجد کے چندے سے رہائشی عمارتیں تعمیر کر لیتے ہیں، اور غلط کسی کو کچھ نہیں لگتا۔۔۔
" God created food for all, I believe in it more when I see food wasted by rich." A.B. Saim |
یہی شیطان کا سب سے بڑا ہتھیار ہے، وہ سب کو آدھا غلط کرتا ہے، اور باقی آدھا کسی کا کام کا نہیں رہنے دیتا۔ میں تو یہی سمجھتا ہوں ، کہ جب تک جائز مصارف پر خرچ نہ کی جائے، جائز آمدن بھی حلال نہیں کہلائی جا سکتی۔ اور چاہے لاکھ نیک کاموں میں خرچ کی جائے، حرام طریقوں سے حاصل ہونے والا روپیہ پیسہ جائز نہیں ہو سکتا۔۔ اور اس حرام حلال کی تقسیم میں بنیادی فرق انسان کا ہے، جو اسلام کا روحانی مرکز ہے۔ جسے نہ کماتے وقت نظر انداز کیا جا سکتا ہے، اور نہ خرچ کرتے وقت۔ یہ وہ طرۃ امتیاز ہے، جو مذہب نے انسان کی جھولی میں ڈالا ہے، ورنہ جغرافیائی اور سرحداتی جکڑبندیوں میں الجھی تہذیبیں ایسا کوئی نظام نہیں دے سکتیں ، جس میں جائز و ناجائز سے ذیادہ حلال اور حرام کا فلسفہ موجود ہو۔
" Islam is not a religion, rather its philosophy of life joining man and God together." A.B. Saim |